• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: پی ٹی آئی کو شاہراہ قائدین پر 6 ستمبر کے جلسے کی تاحال اجازت نہ مل سکی

اسکرین گریب/ ایکس
اسکرین گریب/ ایکس 

کراچی میں ضلع شرقی کی انتظامیہ نے شاہراہ قائدین اور مزار قائد کے اطراف جلسے پر پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شاہراہ قائدین پر 6 ستمبر کے جلسے کی تاحال اجازت نہیں مل سکی۔

ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کا کہنا ہے کہ مزار قائد کے اطراف کسی قسم کے جلسے، جلوس یا ریلی کی اجازت نہیں۔ اجازت نہ ملنے کے باوجود اجتماع کیا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مزار قائد کے تقدس کے قانون کے تحت مزار کے احاطے میں جلسہ، مظاہرہ، جلوس ممنوع ہے۔ مزار قائد کے احاطے کی بیرونی دیوار سے 10 فٹ تک سیاسی سرگرمی بھی قانوناً ممنوع ہے، مزار قائد کے قانون کی خلاف ورزی پر تین سال تک قید، جرمانہ یا دونوں ہوسکتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ صدر پی ٹی آئی کراچی فہیم خان نے گزشتہ ماہ جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دی تھی، اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی نے پورٹیبل جلسے کیلئے خصوصی ٹرک بنا لیے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی جمال صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پلان بی کے تحت ٹرک جہاں رکے گا وہیں عارضی اسٹیج قائم ہوگا۔ اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسے کیلئے متبادل حکمت عملی تیار کرلی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس حکام نے پاکستان تحریک انصاف سے رابطہ  کرکے پی ٹی آئی صدر فہیم خان کو سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا اور پی ٹی آئی قیادت کو شاہراہ قائدین جانے کیلئے روٹ تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔

قومی خبریں سے مزید