• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی بحران کی ذمہ داری دو ججوں پر ڈالنا درست نہیں، عابد زبیری

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نوید ملک نے کہا ہےکہ نیب ترامیم کالعدم ہونے سے تمام کے تمام کیسز دوبارہ کھل جائیں گے.

 صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری نے کہا کہ چینی بحران کی ذمہ داری دو قابل ججوں پر ڈالنا درست نہیں ہے عدلیہ قانون کی بالادستی کا ساتھ دے تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں،ن لیگ کے سینئر رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ،مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے تمام کیسز میرٹ پر ختم ہوئے۔

ن لیگ کے سینئر رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہی عدالت اور جج صاحبان تھے جب چاند رات کو کسی کی بہن کو نیب گرفتار کرلیتی تھی، ایک والد کو اذیت دینے کیلئے اس کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کرلیا جاتا تھا، احد چیمہ نے تین سال بغیر سزا جیل کاٹی لیکن عدالت سے اسے ضمانت نہیں ملی، نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی میت پڑی تھی اور احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ ہر حال میں جرح کروں گا،میرے خلاف ٹونٹی چوری کا پرچہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ 

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ میں نہیں جانتا پرویز الٰہی کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، جسٹس امجد رفیق کا ٹرانسفرپرویز الٰہی کا کیس لگنے کے بعد نہیں ہوا، انہیں 30جولائی کو جاری ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ملتان بھیجا گیا 

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس لانے کی کیا وجہ تھی، کیا اس وقت کے کرتا دھرتا لوگ فیض آباد دھرنے سے ناخوش نہیں تھے، ریڈ زون میں جلاؤ گھیراؤ کیا گیا تو سپریم کورٹ کے تین چار عمراندار ججوں نے کہا شاید ہمارے عمران کو خبر ہی نہ ہوئی ہو۔ 

عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت اور عدلیہ میں محاذ آرائی ختم ہونی چاہئے اس کیلئے عدلیہ کو غیرجانبدار ہونا پڑے گا، اللہ کرے چیف جسٹس عمر عطابندیال نیب قانون میں ساری ترامیم کو اڑادیں، نیب ترامیم ختم ہونے سے بلین ٹری سونامی، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر، فارن فنڈنگ، 190ملین پاؤنڈز اور توشہ خانہ کیسوں میں اتنی جان پڑجائے گی کہ لاڈلا اگلے پانچ سال باہر آتا نظر نہیں آتا،مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے تمام کیسز میرٹ پر ختم ہوئے، شہباز شریف پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور اثاثوں سے متعلق کیس میرٹ پر ختم ہوا

 شہباز شریف پر صرف ایک کیس جو گندے نالے کا تھا نئے نیب قانون کی وجہ سے ختم ہوا، نواز شریف پر چوہدری شوگر مل کا ریفرنس عدم ثبوت پر آج تک دائر ہی نہیں ہوسکا۔

اہم خبریں سے مزید