• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب مسلم دنیا کا مرکز، بہترین اسٹریٹیجک شراکت دار ہے، ایئر چیف ظہیر بابر

سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب مسلم دنیا کا مرکز اور بہترین اسٹریٹیجک شراکت دار ہے۔

سعودی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید نے وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دفاعی تعاون اور بین الاقوامی اسٹریٹیجک صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط ہیں، پاکستان سعودی عرب سے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر سے دیکھتا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، انہوں نے دونوں ملکوں کے تعلقات بڑھانے کیلئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

سعودی وفد نے پاک فضائیہ کے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر، سائبر کمانڈ اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سمیت دیگر تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔

وفد کو پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدت کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

سعودی وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے کہا کہ یہ منصوبہ ہوابازی کے شعبے سے متعلق درسگاہ ثابت ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید