• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی چوروں کیخلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن ، سیکڑوں گرفتار

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بجلی چوروں کے خلاف ملک بھر میں ’خصوصی ٹاسک فورسز‘ کے ذریعے  کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجے میں متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔

لاہور میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف 19 ویں روز بھی آپریشن جاری ہے۔

ترجمان لیسکو کے مطابق کارروائیوں کے دوران 359 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں، بجلی چوری میں ملوث مزید 14 افراد کو گرفتار جبکہ 178 کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے گئے کنکشنز میں 1 زرعی، 20 کمرشل اور 338 ڈومیسٹک تھے، ڈیٹیکشن بل کی مد میں ڈالے گئے یونٹس کی مالیت 2 کروڑ 88 لاکھ ہے۔

فیصل آباد میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن

دوسری جانب فیسکو ترجمان کا بتانا ہے کہ فیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع سے مزید 71 بجلی چور پکڑے گئے، بجلی چوروں کے کنکشن منقطع جبکہ 94 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

فیسکو ترجمان کے مطابق فیسکو ریجن سے 18 دن میں مجموعی طور پر 1702 بجلی چور پکڑے گئے ہیں جن پر 18 دن میں 20 کروڑ91 لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

ترجمان فیسکو کے مطابق 18 دن میں بجلی چوروں سے7 کروڑ روپے کی ریکوری کر لی گئی ہے، مجموعی طور پر 340 بجلی چور گرفتار جبکہ 1597 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

گوجوانوالہ: بجلی چوروں کیخلاف آپریشن

یاد رہے کہ گیپکو کی سرویلینس ٹیموں کی جانب سے بھی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

چیف ایگزیکٹیو گیپکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 36 بجلی چور پکڑے گئے ہیں جبکہ بجلی چوروں پر ساڑھے 18 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

ملتان میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن

اسی طرح میپکو ریجن میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

 ترجمان میپکو کے مطابق ملتان کے 13 اضلاع میں ایک روز میں 161 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 143 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ترجمان میپکو کا بتانا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث صارفین کو 1 کروڑ 29 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح حیدر آباد میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

حیدرآباد: بجلی چوروں کیخلاف آپریشن

ترجمان حیسکو کے مطابق اب تک 1 ارب 68 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد کی رقم وصول کی جا چکی ہے۔

ترجمان حیسکو کا بتانا ہے کہ 907 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرانے کے لیے درخواست دی ہے، بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف 317 مقدمات درج ہیں جبکہ بجلی چوری میں ملوث 31 افراد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ حیسکو کی سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی ریکوری مہم جاری ہے۔

ایکسیئن حیسکو کے مطابق نادہندگان سے 3 کروڑ 34 لاکھ روپے وصول کیے جا چکے ہیں جبکہ 21 گاؤں کی بجلی بل کی عدم ادائیگی پر منقطع کر دی گئی ہے۔

ایکسیئن حیسکو کے مطابق 8 افراد پرایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے جبکہ ٹھٹھہ اور سجاول کے غیر سرکاری صارفین پر ساڑھے 8 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

کوئٹہ میں کریک ڈاؤن

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے ذمے دار ادارے کیسکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے تمام علاقوں میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ترجمان کیسکو کے مطابق عدم ادائیگی پر کوئٹہ، لورلائی، خضدار، پشین، سبی اور مکران میں 168 کنکشنز منقطع کر دیے گئے ہیں، صوبے میں اب تک 3504 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں اور مجموعی طور پر بجلی چوروں کے خلاف 338 ایف آئی آرز درج جبکہ بجلی چوری میں ملوث 123 افراد گرفتار کیا گیا ہے۔

بجلی چوری کی مد میں تقریباً 9 کروڑ 27 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ بجلی چوروں سے جرمانے کی مد میں 5 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں۔

کیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں 6422 نادہندہ صارفین سے 378 ملین روپے بھی وصول کیے  گئے ہیں۔

تجارتی خبریں سے مزید