مسلم لیگ (ن) کے سابق ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف نے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر کے دکھایا۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں ن لیگ کے سابق ارکان قومی، صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس کی صدارت سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔
دوران اجلاس پارٹی قائد نواز شریف کے 21 اکتوبر کے استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کی وطن واپسی تاریخ میں ایک یادگار دن بنے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف نے عوام کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، دراصل بہادری، جرات اور ترقی اُن کی پہچان ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2018 سے 2022 کے دوران پاکستان ترقی میں دہائیاں پیچھے چلا گیا۔
ن لیگی صدر نے کہا کہ اتحاد، امن، ترقی قومی ایجنڈا ہے، جس پر نواز شریف کی قیادت میں عمل درآمد کریں گے، لوڈشیڈنگ کی طرح معاشی بدحالی ختم کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ21 اکتوبر کو عوام اور پارٹی کارکن صرف نواز شریف کا ہی نہیں پاکستان کی ترقی اور امید کا فقیدالمثال استقبال کریں گے۔
شرکاء اجلاس نے خطاب میں کہا کہ نواز شریف کےلیے پوری قوم منتظر ہے، پارٹی قائد نے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کرکے دکھایا، ملک کو ہمیشہ مشکل ترین حالات سے ن لیگی قائد ہی نے نکالا۔