دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن سے پائپ لائن پھٹ گئی، جس کی وجہ سے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
متعلقہ حکام کے مطابق 72 انچ قطر کی پائپ لائن نمبر 5 بیک پریشر کے باعث پھٹی۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس پائپ لائن سے کراچی کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
متعلقہ حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ پائپ لائن پھٹنے سے پمپنگ اسٹیشن کے 19 پمپ بند ہو گئے ہیں۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر صبح 6 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے، پمپنگ اسٹیشن کی بجلی تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بریک ڈاؤن کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تمام فیڈرز کی بجلی بند ہے، اس کے باعث بیک پریشر کی وجہ سے لائن نمبر 5 ایک بار پھر متاثر ہو گئی۔
واٹر کارپویشن کے حکام کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے قریب پانی کی پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا، بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث 50 ایم جی ڈی کی لائن پھٹ گئی تھی۔
حکام نے کہا کہ رات تک لائن کی مرمت کا کام مکمل کر کے سپلائی شروع کر دی جائے گی، پرانی لائن کو تبدیل کرنے کے لیے ٹینڈر ہو چکا جلد تبدیل کر دی جائے گی۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ٹیکنیکل فالٹ آیا تھا جو درست کر دیا گیا ہے، دھابیجی پمپنگ کمپلیکس پر بجلی کی فراہمی جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی بجلی کے بریک ڈاؤن سے پمپنگ اسٹیشن کی 2 پائپ لائنیں پھٹ گئی تھیں۔