کراچی میں تھانہ ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹانے یا تبادلے کے معاملے میں زونل ڈی آئی جیز اور سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو بے اختیار کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند بلوچ کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
تحریری احکامات کے مطابق زونل ڈی آئی جیز یا ایس ایس پیز کسی بھی تھانے کے ایس ایچ او کو بغیر کسی معقول وجہ کے یا بلاجواز تبدیل نہیں کریں گے۔
احکامات کے مطابق کسی بھی ایس ایچ او کی نااہلی اور انہیں ہٹانے کے لیے کراچی کے ایڈیشنل آئی جی آفس کو پیشگی آگاہی دینا ہو گی، احکامات کی کاپی ڈی آئی جی ویسٹ، ایسٹ، ساؤتھ زون اور آٹھوں ایس ایس پیز کو ارسال کر دی گئی ہے۔
احکامات کے مطابق ایس ایچ او کی تعیناتی کے لیے ایس ایس پی زونل ڈی آئی جی کو 3 افسران کے نام تجویز کریں گے۔
زونل ڈی آئی جی مناسب تصدیق کے بعد 2 موزوں افسران کی سفارش ایڈیشنل آئی جی کراچی کو بھیجیں گے، ایڈیشنل آئی جی کسی ایک افسر کے انتخاب اور ایس ایچ او کے طور پر تعیناتی کی منظوری دیں گے۔
ذرائع کے مطابق بعض افسران کی جانب سے من پسند ایس ایچ اوز کی تعیناتی پر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
کے پی او ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں شکایت ملی تھی کہ ناپسندیدہ ایس ایچ اوز کو بھی افسران کی جانب سے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔