• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں 2؍اکتوبر سے انسداد پولیو مہم جاری ہے جو کراچی میں پورے ہفتے اور ملک بھر میں پانچ دن جاری رہے گی۔ اس دوران گھر گھر جاکر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔ مہم کا افتتاح نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر کیا۔ انہوں نے نیشنل ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جہاں اس امر کی نشاندہی کی ملک میں پولیو کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے وہاں اس حکومتی عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو کے جڑ سے خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔ نگراں وزیراعظم نے واضح کیا کہ امام کعبہ سمیت تمام علما نے پولیو سے بچاؤ کے قطروں کو محفوظ اور معذوری سے پاک مستقبل کیلئے انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔ انوارالحق کاکڑ نے تین اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیو ویکسین کے قطروں سے کسی بچے کو محروم نہیں رہنا چاہئے کیونکہ یہ عمل مستقبل کی بقا کی جنگ کا حصہ ہے اور ہمیں ہر قیمت پر یہ جنگ جیتنا ہوگی۔ کراچی کے ضلع وسطی، جنوبی، شرقی اور کیماڑی میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث صوبہ سندھ کے متعلقہ حکام ہائی رسک والے اضلاع سمیت وسیع آبادی کے حامل علاقوں میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ مذکورہ اضلاع میں سیوریج پانی کے نمونوں میں جینیاتی پولیو وائرس کی موجودگی کے انکشاف کے بعد اس ضمن میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جارہا ہے۔ سال 2022 میں ملک میں 20 پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے تاہم رواں برس صرف خیبرپختونخواہ کے علاقے بنّوں میں 2 کیس رپورٹ ہوئے۔ سندھ، پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے کوئی اطلاع نہیں ملی۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں درست نشاندہی کی کہ مذکورہ مہم بچوں کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کیلئے ہمارے عزم کی علامت ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین