• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی آج وطن واپسی، مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کریں گے، ن لیگ کی ملک بھر میں تیاریاں عروج پر

لاہور(نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز)سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف آج دوپہر ساڑھے 12 بجے وطن واپس پہنچ رہے ہیں جس کے بعد وہ  مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کرینگے، ن لیگ کی ملک بھر میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

 قائد ن لیگ نے  دبئی  میں  مصروف دن گزارا  اور اعلیٰ حکومتی  شخصیت سے ملاقات کی جس میں  پاکستان میں سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی، لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد دبئی پہنچ گئی۔ 

ادھر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اپنے خطاب میں اگلے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف تقریباً چار سال بعد آج وطن واپس پہنچیں گے، اور مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کرینگے ۔ مسلم لیگ ن کی ملک بھر میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان آئیں گے، نواز شریف کاطیارہ پہلے اسلام آباد میں لینڈ کرے گا جس کے بعد وہ لاہور پہنچیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پارٹی قائد کے پرتپاک استقبال کے سلسلہ میں گریٹر اقبال پارک میں تاریخی جلسے کی تیاریاں مکمل، اسٹیج سج گیا، مینار پاکستان جلسے سے خطاب میں نواز شریف آئندہ کے لائحہ عمل اور معاشی ایجنڈے کے اہم خدوخال کا اعلان کرینگے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف وطن روانگی سے قبل دبئی میں مصروف دن گزارا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسحاق ڈار کے بیٹوں کے گھر پر دبئی حکومت کی اعلیٰ شخصیت سے ملاقات ہوئی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی، اس دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ 

نواز شریف کے ساتھ پاکستان جانے والے لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد دبئی پہنچ گئی۔ 

ملک کے دور دراز علاقوں سے روانہ ہونے والے قافلوں کی لاہور آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔بلوچستان سے کارکن خصوصی ٹرین سے روانہ ہوئے۔ کراچی سے بھی ٹرین مارچ چل پڑا۔

گریٹر اقبال پارک میں نواز شریف اور دیگر قیادت کے بیٹھنے کے لئے 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ بلند اسٹیج تیار کر لیا گیا، اسٹیج پر نواز شریف کے خطاب کے لئے بلٹ پروف کیبن بھی لگایا گیا ہے۔

پنڈال کے اندر رہنماؤں کے قومی اسمبلی کے حلقوں کے تناسب سے الگ الگ انکلیوژرز بنائے گئے ہیں۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی پرواز دبئی کے مقامی وقت کے مطابق ٹرمینل 2 سے صبح 9 بجے روانہ ہوگی اور وہ آج دوپہر اسلام آباد پہنچیں گے۔

اہم خبریں سے مزید