کراچی میں مذہبی جماعت کے سندھ امن مارچ سے متعلق ٹریفک پولیس نے سڑکیں بند کرنے کا پلان جاری کر دیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق عوام زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے شارع قائدین سے نمائش کا روٹ نہ لیں، شارع فیصل پر شارع قائدین فلائی اوور سے سوسائٹی کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایم اے جناح روڈ سے سوسائٹی اور شارع قائدین کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہو گی، طارق روڈ سے اللّٰہ والی چورنگی اور شارع قائدین کی طرف جانے کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔
ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو نیو ایم اے جناح روڈ / پی پی چورنگی سوسائٹی اور شارع قائدین کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریلی میں گگر پھاٹک سے قائد آباد اور نرسری تک ٹریفک کی روانی سست متوقع ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کی اظہارِ یک جہتی طوفان اقصیٰ و سندھ امن کانفرنس سے مولانا فضل الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق فلسطین سے آئے غزہ کے نمائندے ڈاکٹر ناجی ظہیر الشیری بھی خطاب کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں مارچ گگر پھاٹک سے کراچی شارع قائدین پہنچے گا۔