• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست بچانے کیلئے زرداری نواز متفق، ٹیلی فونک رابطے میں جلد ملاقات کا عندیہ

لاہور(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں نےجلد ملاقات کا عندیہ ظاہر کیا، دونوں رہنما اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ ریاست بچانے کیلئے سب ملکر کردار ادا کرینگے، ادھر ایم کیو ایم کا وفد آج نواز شریف سے ملنے رائیونڈ آئیگا، مسلم لیگ (ن) مرکزی سیکرٹریٹ میں سیاسی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، قائد ن لیگ کی چار سال بعد ماڈل ٹاؤن میں پارٹی سیکرٹریٹ پہنچے، جہاں مشاورتی اجلاس ہوا جس ملکی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے، اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائینگے، معیشت کی بہتری اولین ترجیح ہو گی، دوسری جانب سابق صدرآصف علی زرداری نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ 8فروری کا سورج بلاول بھٹو زرداری کی فتح کا پیغام لیکر طلوع ہوگا ، پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ سلیکشن قبول نہیں کرینگے، مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا نہ روئیں، انتخابات کی تیاری کریں، ن لیگ کے سعد رفیق کا کہنا ہے کہ الیکشن ڈیل کی خبریں بے بنیاد ہیں، خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے پارٹی سیکرٹریٹ میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئیں ہیں، صدر ن لیگ شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے وفد کو مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی دعوت بھی دی۔ شہبازشریف کی دعوت پر ایم کیوایم کا وفد آج لاہور میں نواز شریف سے ملاقات کریگا جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی جائیگی۔ لیگی ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں سابق صدر اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے وطن واپسی پر نواز شریف کو مبارکباد پیش کی، دونوں رہنماؤں نے معاشی مشکلات اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم فیصلے کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کا نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق قائد ن لیگ نوزا شریف نے 4سال بعد پارٹی آفس میں مصروفیات کا آغاز کردیا ،وہ گزشتہ روز مریم نواز کے ہمراہ پارٹی آفس ماڈل ٹاؤن پہنچے۔ قبل ازیں نوازشریف سےسیالکوٹ سے سابق ایم پی ایز، ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، پارٹی قائد نے 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر تاریخی استقبال پر سیالکوٹ کے رہنماؤں اور کارکنوں کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ معیشت ہمارے ایجنڈے کا بنیادی نکتہ رہا ہے، اللہ تعالیٰ نے پھر موقع دیا تو ہماری حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بہتری ہوگی، عوام کی خدمت سے بڑی خوشی کسی اور چیز سے نہیں ملتی، الحمدللہ تمام بڑے بڑے منصوبے ہمارے دور میں ہی لگے ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ معاشی بحالی کیلئے استحکام لازم ہے، سب کو ملکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا، چیمبرز، صنعتکاروں سمیت تمام شعبوں کی مشاورت سے چلیں گے، کاروباری برادری کی مشاورت سے پالیسیاں بنا کر تسلسل یقینی بنائینگے، نجی شعبے کا کردار بڑھائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید