راولپنڈی میں اسموگ کے تدارک کے لیے جاری آپریشن میں تیزی آئی ہے۔
راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی میں انسدادِ اسموگ مہم جاری ہے، انسدادِ اسموگ آپریشن کے دوران 11 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر حسن وقار کے مطابق اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 صنعتی یونٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اینٹوں کے 2 بھٹوں کے خلاف مقدمات جبکہ 2 بھٹوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر کا بتانا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی 250 گاڑیوں کا معائنہ اور 99 گاڑیوں کے خلاف چالان کیے گئے ہیں، انسداد اسموگ آپریشن کے دوران 27 گاڑیاں ضبط اور ایک ٹرانسپورٹر پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اسی طرح دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر بھی1 لاکھ 65 ہزار 500 روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔
راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر حسن وقار کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انسدادِ اسموگ آپریشن جاری رہے گا۔