کراچی (جنگ نیوز) بنی گالہ ہاؤس کے سابق انچارج اور وزیراعظم ہاؤس کے سابق کنٹرولر سید انعام اللہ شاہ نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے مجھے3کروڑ روپے دے کر خان صاحب کے اکاؤنٹ میں جمع کرنے کو کہا تھا بعد میں پتہ چلا کہ محمد بن سلمان کے تحفے والی گھڑی فروخت کئے جانے اور اکاؤنٹ میں جمع کرانے کی تاریخ ایک ہی تھی۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے پروگرام ”جرگہ“ میں سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بنی گالہ ہاؤس پر ”اصل کنٹرول“ کس کا تھا، کیا اعلیٰ ترین تقرریاں بھی ”خاص عملیات“کے ذریعے کی جاتی تھیں، ”کالے بکروں“ اور ”ان کی سری“ کی کیا کہانی ہے، کیا حکومتی ”معاملات“ کے فیصلے بھی بشریٰ بی بی کرتی تھیں، تحفے اور نذرانے ”کہاں“سے آتے اور ”کہاں“جاتے تھے، ”توشہ خانہ“ میں آنے والے قیمتی تحائف سے کس کس نے مال بنایا، فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کس کے ”فرنٹ مین“تھے، جہانگیر ترین اور عون چوہدری کی بنی گالہ اور وزیراعظم ہاؤس سے چھٹی کس نے کرائی؟۔ اِن تمام موضوعات پر شو کے دوران سید انعام اللہ شاہ سے گفتگو ہوگی۔ ”جرگہ“ میں خصوصی انٹرویو ناظرین ہفتے کی شب 10 بجکر 5 منٹ پر ملاحظہ کرسکیں گے۔