اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے شفاف انتخابات کے حوالے سے کہا ہے کہ ان سے توقعات اپنی جگہ لیکن وہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھا سکتے جس کی آئین اجازت نہ دے، نواز شریف منتخب ہوئے تو حلف لوں گا، سیاست دان، انتظامیہ، اسٹیبلشمنٹ مل کر کام کریں تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ 9 مئی کی مذمت کر چکا، تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، حکومتوں کو بھی چاہیے کہ ایسے حالات پیدا نہ کریں کہ احتجاج پرتشدد ہو جائے، عام شہریوں کے فوجی عدالت میں مقدمے کا معاملہ عدالت میں ہے، قبل از وقت رائے کا اظہار نہیں کرنا چاہتا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کرنا الیکشن کمیشن اور حکومت کی ذمہ داری ہے، پی ٹی آئی کے تحفظات کی طرف خط لکھ کر حکومت کی توجہ دلائی تو حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے۔