اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چین سے 35 پاکستانیوں کو ہانگ کانگ اسمگل کر نے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا۔ وزیر اعظم کا ایف آئی اے کوخصوصی ٹاسک، مرکزی ملزم آصف محمود کو چین سے واپسی پر گرفتارکر لیا گیا ، نگران وزیر اعظم نے ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک دیا تھا، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد صائم سلطان کی زیر نگرانی ٹیم نے پاکستان واپس آنے والے 5 مسافروں کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کیا۔غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والے مسافروں سے سمگلرز کے حوالے سے ابتدائی معلومات حاصل کی گئی۔ابتدائی تحقیقات سے گینگ کے مرکزی سمگلر کی شناخت آصف محمود کے نام سے ہوئی۔ آصف محمود کی چین میں موجودگی کی بنیاد پر نام فوری طور پر سٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا۔ملزم آصف محمود کو چین سے پاکستان واپس آتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔