• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کو اُن کی زبان میں جواب نہیں دیں گے، رانا ثناء اللّٰہ

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو اُن کی زبان میں جواب نہیں دیں گے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن تلخیاں بڑھانا نہیں چاہتی اس لیے بلاول بھٹو زرداری کو ان کی زبان اور انداز میں جواب نہیں دے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک پارٹی کے چیئرمین ہیں اورن لیگ تلخیاں کم کرنا چاہتی ہے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ چند ماہ پہلے تک بلاول بھٹو اور ہم نے ایک ساتھ کام کیا ہے، اس لیے تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھاکہ بلاول بھٹو ہماری تعریفیں کر کے ہمارا مخالف ووٹ نہیں لے سکتے، ہم پی پی چیئرمین کو اُن کی زبان میں جواب نہیں دیں گے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ لا محالہ بلاول بھٹو کو ہمارے مخالف کا بیانیہ اختیار کرنا پڑگیا، پی پی چیئرمین ہمارے دوست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خاورمانیکا نے اپنے ضمیرکےتحت جوبہترسمجھا وہ بات کی،اُن کی گفتگو سچ ہے یا جھوٹ ہے؟اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ بہت سے دوست ن لیگ کا حصہ بنیں گے، اب تک پارٹی میں شامل ہونے والوں نے غیر مشروط طور پر ہماری حمایت کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج جمہوریت اور جمہوری اقدار پہلےسےزیادہ مضبوط ہے،اب جمہوریت بلا کسی رکاوٹ کے چلے گی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایک بار پھر ملک کو اس بحران سے نکالیں گے، ملک کو آگے لے کر چلنا ہے تو آپ کو سب کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی رک رہی ہے نہ ڈالر نیچے آ رہا ہے،پاکستان کو باقاعدہ پٹری سے اتارا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں میر جعفر اور میر صادق کے لقب دیے جا رہے تھے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ن لیگ پنجاب سمیت دوسرے صوبوں میں بھی اکثریت حاصل کرے گی، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے پہلے بھی دو بار ملک کو بحران سے نکالا تھا۔

قومی خبریں سے مزید