بہاولپور کے چڑیا گھر شیر باغ میں شیروں کے پنجرے سے ملنے والی نوجوان کی لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔
یاد رہے کہ شیروں کے پنجرے سے ملنے والی نامعلوم شخص کی لاش کا پوسٹ مارٹم بہاول وکٹوریہ اسپتال میں گزشتہ روز ہوا تھا۔
بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ شیروں نے شہری کی گردن کو بری طرح نوچ ڈالا تھا، نوجوان کے شیروں کے حملے کے دوران مزاحمت کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب شیر باغ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیروں کا شکار بننے والے نوجوان کی شناخت اب تک نہیں ہو سکی ہے۔
شیر باغ کی انتظامیہ کے مطابق نوجوان کے شیروں کے پنجرے میں جانے کی وجہ اور راستےکا پتہ نہیں چل سکا، نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور کمشنر بہاولپور کی جانب سے بنائی گئی کمیٹیاں تحقیقات کر رہی ہیں۔
کیوریٹر علی عثمان بخاری کا کہنا ہے کہ شیر باغ چڑیا گھر کو واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک بند کر دیا گیا تھا۔