• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

اسلا م آباد(ایجنسیاں)جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے ملاقات کی ہےجس میں افغانستان کی صورتحال بالخصوص خواتین کی تعلیم سمیت افغان مہاجرین کی واپسی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے افغانستان میں خواتین کی تعلیم سے متعلق فضل الرحمان سے تعاون کی اپیل کردی جس پر فضل الرحمن نے ہائی کمشنر کو یاد دہانی کرائی کہ افغانستان میں خواتین اور بچوں کی تعلیم پر پریشان ہونے والوں کو غزہ کی خواتین اور بچوں پر بھی توجہ دینی چاہیے جہاں انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں۔جے یو آئی (ف) کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ، پولیٹیکل سیکرٹری سیم فلیچر نے فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،افغانستان اور انڈیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔فضل الرحمان نے عالمی برادری کو افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور معاملات باہمی افہام و تفہیم سے حل کرنے کا مشورہ دیا اور کہاکہ مغرب اور اسلام کے درمیان ثقافتی تقسیم کو تسلیم کیا جائے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ خواتین کی تعلیم کے حامی ہیں لیکن افغانستان کے اسلامی اور پشتون پس منظر کو سامنے رکھتے ہوئے وہاں کی حکومت خواتین کی تعلیم کے لئے ماحول بنا رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید