وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ میرے شوہر یاسین ملک کا فیصلہ 2 دن میں آنے والا ہے، بھارتی عدالتیں نریندر مودی سرکار کی سہولت کار ہیں۔
اسلام آباد میں ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب میں مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کیس کا فیصلہ ہمارے خلاف ہی آنا ہے، یہ دن ہماری فیملی کےلیے قیامت خیز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فیملی کو یاسین ملک سے نہیں ملنے دیا گیا، اس مقدمے کی رپورٹنگ کی بھارتی حکومت نے انٹرنیشنل میڈیا کو اجازت ہی نہیں دی۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ 2019ء کے بعد نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں فورسز مزید بڑھادیں، دنیا کی آنکھیں کھولنے کےلیے مقبوضہ کشمیر کی وڈیوز کافی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال پر دنیا کی بہت کم معلومات ہیں۔
مشعال ملک نے یہ بھی کہا کہ دنیا کے امن کےلیے فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ آج بھی حل طلب ہے، مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبریں بن رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو نہ زندگی میں حقوق دیے جارہے ہیں نہ مرنے کے بعد ہمارے رہنماؤں کی قبروں پر بھی بھارتی فورسز کا پہرہ ہے۔