اسلام آباد (فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان افغان حکومت کی خصوصی دعوت پر آنے والے دنوں میں کابل کے دورے پر جائیں گے انہیں اس دورے کی دعوت کا پیغام باضابطہ طور پر پاکستان میں افغانستان کے سفیر سردار احمد خان شکیب نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات میں پہنچایا ہے۔ ملاقات میں دونوں شخصیات کے درمیان پاک افغان تعلقات پر گفتگو ہوئی اور پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہر اور غیرقانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا، اس موقعہ پر سابق رکن قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کی طالبان حکومت کے ساتھ ٹی ٹی پی کے مسئلے پر بات چیت کیلئے مولانا فضل الرحمان کو کردار ادا کرنے کیلئے ذمہ داری دی جاسکتی ہے۔