• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے یہاں بہت سے کھانے موسم و مواقع کی مناسبت سے تیار ہوتے ہیں، لیکن آلو کے پراٹھے سارا سال بنائے اور کھائے جاتے ہیں۔ یوں کہیے، یہ سدا بہار سوغات ہے، مگر مولیاں چوں کہ موسمِ سرما ہی میں دست یاب ہوتی ہیں، تو مولی کے پراٹھوں اور موسمِ سرما کا گویا چولی، دامن کا ساتھ ہے۔ دیہی علاقوں میں تو دیسی گھی، لسّی کے ساتھ مولی کے پراٹھے بھیگی بھیگی سردیوں کا لُطف دوبالا کرتے ہی ہیں، لیکن شہروں کے بھی کئی روایتی گھرانے سردیوں میں دوچار بار تو ان کا لُطف ضرور اُٹھاتے ہیں۔ تو لیجیے، آج ہماری طرف سے پیشِ خدمت ہیں، ایک سدا بہار اور ایک خاص سرما کی سوغات کی ترکیب۔

آلو کا پراٹھا

اجزاء: آٹا ایک سے ڈیڑھ کپ، گھی کھانے کا ایک چمچ، آلودو سے تین عدد(اُبلے ہوئے)،سبز مرچ دو عدد(کَٹی ہوئی)، سبز دھنیا حسبِ ضرورت( کَٹا ہوا)، آدھے لیموں کارس،ثابت دھنیاچائے کا آدھا چمچ، سوکھا دھنیاچائے کا چوتھائی چمچ(پساہوا)، سرخ مرچ پائوڈر چائے کا چوتھائی چمچ، ہلدی چائےکا چوتھائی چمچ، نمک حسبِ ضرورت۔

ترکیب: آٹے میں آدھاچمچ گھی مکس کر کے اچھی طرح گوند ھ لیںاورپھر آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر چھوٹے چھوٹے سائز کے پیڑے بنا کر روٹیاں بیل لیں۔ آلو میش کریں اور ان میں تمام خشک مسالے اچھی طرح مکس کرلیں، پھر کَٹا ہوا سبز دھنیا اور سبز مرچیں بھی شامل کردیں۔ 

نیز، لیموں کا رس بھی شامل کر لیں۔ ایک روٹی پر اچھی طرح آلو کا آمیزہ پھیلا کر اوپر سے دوسری روٹی رکھ کے کنارے اچھی طرح دبا دیں۔ اب توے پر دونوں طرف سے گھی لگا کر سنہرا ہونے تک پکائیں اور دہی کی چٹنی کے ساتھ مزے لے کر کھائیں۔

مولی کا پراٹھا

اجزاء: آٹا ایک سے ڈیڑھ کپ، گھی کھانے کا ایک چمچ، مولی ( کدوکش کی ہوئی) ایک سے دو عدد، سبزمرچ(کَٹی ہوئی)دو عدد، سبز دھنیا حسبِ ضرورت، آدھے لیموں کا رس، پسا ہوا دھنیا چائے کا چوتھائی چمچ، سرخ مرچ پاؤڈر چائے کا چوتھائی چمچ،ہلدی چائے کا چوتھائی چمچ، نمک حسب ِضرورت۔

ترکیب: آٹے میں آدھاچمچ گھی مکس کر کے اچھی طرح گوند ھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد چھوٹے سائز کے پیڑے بنا کر روٹیاں بیل لیں۔ کدو کش کی ہوئی مولی میں تمام خشک مسالے اچّھی طرح مکس کرلیں۔ (مولی کا پانی خشک کرنے کے لیے ایک چمچ بیسن بھی ڈال سکتی ہیں) سبز مرچیں، سبز دھنیا اور لیموں کا رس بھی شامل کر دیں۔ تیار شدہ آمیزہ ایک روٹی پر اچھی طرح پھیلا کر اوپر سے دوسری روٹی سے رکھ کے بند کردیں۔ کنارے اچّھی طرح دبا بند کر لیں۔ توے پر دونوں طرف سے گھی لگا کر سنہرا ہونے تک پکائیں۔ مولی کےگرما گرم، ذائقے دار اور بہت صحت بخش پراٹھے تیار ہیں۔ (فوزیہ ناہید سیال، لاہور)