پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے۔
بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سائفر ایک سنجیدہ کیس ہے، معاملے کی عدالتی تحقیقات کی جائیں، ججز صاحبان سائفر کے پیچھے کی کہانی جاننے کے لیے جوڈیشل انکوائری کرائیں، سائفر کیس میں بہت بڑا سیکیورٹی بریچ ہوا، حقیقت عوام کے سامنے آنی چاہیے۔
صحافی نے سوال کیا کہ بلاول صاحب مہنگائی کے خلاف مارچ آپ نے نکالا، فائدہ کوئی اور لے گیا؟
بلاول بھٹو زرداری نے جواب دیا کہ میں اپنی غلطیوں سے سیکھ چکا ہوں، ٹھنڈی ہوائیں پیپلز پارٹی کی طرف ہیں، ہم حکومت بنائیں گے، پیپلز پارٹی نے ابھی تک کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میاں صاحب کا پہلے یہ نعرہ تھا کہ ’مجھے کیوں نکالا‘، اس الیکشن کے بعد ان کا نعرہ یہ ہو گا کہ ’مجھے کیوں بلایا‘۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024ء میں حصہ لینے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری دن ہے۔
ملک بھر سے سیاسی جماعتوں کے امیدواران سمیت آزاد امیدوار بھی اپنے کاغذات جمع کروا رہے ہیں۔