بالی ووڈ کے بھائی جان سپُر اسٹار سلمان خان کی 58ویں سالگرہ پر ان کی گنگناتے ہوئے ماضی کی ویڈیو پھر وائرل ہوگئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوشل میڈیا پیج کی جانب سے ماضی کی ویڈیو ایک بار پھر شیئر کی گئی ہے جو اداکار کی سالگرہ کے موقع پر وائرل ہوگئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں بھائی جان کو آنجہانی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا مقبول گیت ’لگ جا گلے کہ پھر یہ حسین رات ہو نہ ہو‘ گنگناتے ہوئے دیکھا و سنا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پیج کے مطابق سلمان خان نے آنجہانی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنی آواز میں یہ گانا گنگنایا ہے۔
لیجنڈری لتا منگیشکر گزشتہ برس فروری میں وفات پاگئی تھیں، انہوں نے مذکورہ سدا بہار گیت 1964 میں ریلیز ہونے والی فلم ’وہ کون تھی‘ کے لیے ریکارڈ کروایا تھا جس کی موسیقی من موہن نے دی جبکہ گیت نگار راجہ مہدی علی خان تھے۔
واضح رہے کہ ان کی وفات کے بعد اداکار نے گلوکارہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یہ ویڈیو ریکارڈ کی تھی۔
بھارتی سُپر اسٹار سلمان خان آج اپنی 58ویں سالگرہ منا رہے ہیں گزشتہ شب رات 12 بجے انہوں نے اپنی بہن ارپیتا شرما کی رہائش گاہ پر بھانجی آیات خان کے ساتھ کیک بھی کاٹا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل ہے۔