• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخوپورہ: بدمزگی پر چاہت فتح علی خان پروگرام چھوڑ کر چلے گئے


سوشل میڈیا پر اپنی انوکھی گلوکاری سے وائرل ہونے والے کاشف رانا المعروف چاہت فتح علی خان کو شیخوپورہ میں پروگرام کے دوران بدمزگی کا سامنا کرنا پڑا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

حال ہی میں پہلے سیاست میں انٹری اور پھر نو انٹری کے باعث شہ سرخیوں کا حصہ بننے والے چاہت فتح علی خان کی ایک ویڈیو اس وقت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہے جس میں انہیں شیخوپورہ کے منچلوں کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چاہت فتح علی کے انتخابی کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے گئے، دریں اثنا نئے سال کے موقع پر انہوں نے شیخوپورہ میں پہلے سے طے شدہ مداحوں سے ملاقات کے سیشن میں شرکت کی۔

اس تقریب کے دوران فنکار کو ایک ہجوم نے گھیر لیا، ان پر طرح طرح کی آوازیں کسیں اور بدتمیزی کی۔

شیخوپورہ کے منچلوں کی جانب سے بدتمیزی اس قدر بڑھ گئی کہ شوقین گلوکار کو تقریب ادھوری چھوڑ کر جانا پڑا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد چاہت فتح علی خان کا بھی ردِ عمل سامنے آ گیا۔

انہوں نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مداحوں سے ملاقات کے لیے مقامی ریستوران میں تقریب رکھی گئی تھی، جس میں چار گنا زیادہ لوگ شریک ہو گئے، جس کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے مس مینجمنٹ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں شریک مداحوں نے اپنے منفرد انداز میں محبت کا اظہار کیا لیکن کوئی بات نہیں میں پھر بھی شیخوپورہ آؤں گا اور اپنا شو کروں گا۔

انوکھی گلوکاری کرنے والے شوقین گائیک نے مزید کہا کہ شیخوپورہ میرا آبائی شہر ہے، میں وہاں پیدا ہوا ہوں اس لیے میں وہاں آتا رہوں گا، کل مجھے اندازا ہوا ہے کہ محبت کا اظہار کرنا بھی مشکل کام ہے، اللّٰہ خیر کرے گا۔