قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ابھی ہم ٹورنامنٹ میں ان ہیں، ہم نے اپنا میچ جیتنا ہے اس پر فوکس ہے، یہ دیکھ رہے ہیں کہ نیوزی لینڈ ٹیم اپنے میچز ہارے۔
پالیکیلے میں انگلینڈ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہیری بروک نے زندگی کی بہترین اننگز کھیلی ہے، کرکٹنگ شاٹس کھیلے ہیں، کریڈٹ ہیری بروک کو جاتا ہے۔
شاہین آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں 30 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرا فوکس ہمیشہ اپنی کارکردگی پر رہتا ہے کہ محنت کروں اور جب بھی کھیلوں تو اچھا کھیلوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک وقت پر 180 رنز دیکھ رہے تھے، ہمیں پارٹنر شپ کی کمی رہی۔
انہوں نے کہا کہ ہیری بروک نے غیر معمولی اننگز کھیلی، بروک نے ورلڈ کلاس اننگز کھیلی، ان سے ہاتھ ملانا اس کا حق تھا۔ ہیری بروک سے میری دوستی بھی ہے وہ ایک اچھا بیٹر ہے ہم لاہور قلندرز میں بھی اکٹھے کھیلے ہیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، میں اگر ڈراپ بھی ہوتا ہوں تو انتظار کرتا ہوں کہ موقع ملے تو اس سے بھرپور فائدہ اٹھاؤں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ہمیشہ وکٹ لینے کی کوشش کرتا ہوں۔ مجھے کسی کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں مجھے خود کو ثابت کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ہارتے ہیں تو آپ سب کی غلطی قرار دیتے ہیں۔ اس وکٹ پر ہمیں 180 رنز کرنا چاہیے تھے۔
کوچ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ کا مائنڈ سیٹ ہے انہیں پتہ ہے کہ کیسے ٹیم کو لے کر چلنا ہے، یہ وہ ہی بتا سکتے ہیں کہ وہ آل راؤنڈرز کو زیادہ کھلاتے ہیں۔