فضائی سفر کے دوران اکثر اوقات من پسند سیٹ نہ ملنے پر سفر اچھا نہیں گزرتا، کبھی کبھار تو کھڑکی والی سیٹ کے لیے اضافی رقم بھی ادا کرنی پڑتی ہے۔
تاہم کرسمس کی چھٹیاں منانے کے لیے سیشلز سے بذریعہ دبئی سوئٹزرلینڈ جانے والی ماں بیٹی کو اس وقت اپنی خوش قسمتی پر یقین نہ رہا جب انہوں نے طیارے کی اکانومی کلاس کو خالی دیکھا۔
25 سالہ زو ڈوئل اور ان کی والدہ 59 سالہ کِمی چیڈل کی خوشی کا اس وقت ٹھکانہ نہ رہا جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ پورے سفر کے دوران اکیلے سفر کریں گی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ماں بیٹی کو خالی طیارے میں موج مستی کرتے اور خالی طیارے میں یہاں وہاں گھومتے پھرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
کاروباری خاتون زو ڈوئل کے مطابق جہاز کا خالی ہونا ان کے لیے مکمل سرپرائز تھا اور اس سرپرائز سے انہیں اور ان کی والدہ کو بےحد خوشی اور وی آئی پی ہونے کا احساس ہوا ۔