• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 3 کروڑ 29 لاکھ کے بینکنگ فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث ملزم گرفتار

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف ائی اے) نے کراچی سے 3 کروڑ 29 لاکھ کے بینکنگ فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی علی مراد کی نگرانی میں چھاپہ مار کر بینکنگ فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث ملزم غلام محمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 

ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون زعیم اقبال شیخ کے مطابق، ملزم غلام محمد کراچی کے علاقے صدر میں واقع نجی بینک کی برانچ میں بطور کیشئر تعینات تھا جہاں اس نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے ٹرانزٹ کیش میں گڑبڑ کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ ملزمان نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 29 لاکھ 78 ہزار روپے غبن کیے۔ 

زعیم اقبال شیخ نے بتایا کہ ملزمان نے زائد کیش کی آڑ میں مختلف برانچوں کو جعلی کیش ٹرانزٹ جاری کیں اور ٹرانزٹ کیش کی انٹریز بغیر اجازت کے جاری کیں۔ 

اُنہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ برانچوں کو کسی بھی قسم کے کیش حصول کے لیے درخواستیں موصول نہیں ہوئی تھیں۔ 

زعیم اقبال شیخ نے بتایا کہ تفتیشی ملزمان نے کیش انٹری کرنے کے بعد مذکورہ رقوم کیش ٹرانزٹ کے لیے استعمال ہونے والی وین کے حوالے بھی نہیں کی تھیں اور یہ جعلی کیش انٹریز گزشتہ سال مئی، جون اور جولائی میں کی گئی تھیں۔ 

اُنہوں نے بتایا کہ ملزمان دھوکا دہی کرنے کے بعد فرار ہوگئے تھے، ملزم غلام محمد سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید