میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پاکستان لائف سیور پروگرام کے اشتراک سے دل کے دورے اور انجریز کی صورت میں فوری ہنگامی امداد مہیا کرنے کے لئے کراچی کے شہریوں کو تربیت دے گی تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کے سٹی وارڈن کے محکمے سے تربیت کا آغاز کیا جائے گا اور ان شاء اللّٰہ ہم کراچی کے ہزاروں شہریوں خصوصاً نوجوانوں کو تربیت دیں گے تاکہ ہم فخر کے ساتھ کراچی کوزندگی بچانے والوں کا شہر کہہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال کراچی میں ہزاروں افراد ہارٹ اٹیک اور حادثات میں شدید زخمی ہو جانے کے بعد جانبر نہیں ہو پاتے اور ان واقعات میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں لہٰذا اس معاملے کی اہمیت کے پیش نظر، کے ایم سی نے اس پر فوری توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو اس حوالے سے آگہی فراہم کرکے انتہائی اہم اور نازک لمحات میں گھر کے افراد اور قریب ترین موجود لوگوں کو مریض کو فوری طبی امداد دینے کے قابل بنایا جائے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان لائف سیور پروگرام کی کاوشیں قابل تحسین ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم نے ان کے ساتھ ابتدائی معاملات طے کرلیے ہیں، اس پروگرام کا دائرہ کار بتدریج پورے شہر تک وسیع کیا جائے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی دنیا کے سات بڑے شہروں میں شامل ہے اور دنیا بھر میں اس سطح کے بین الاقوامی شہروں میں شہریوں کی تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں آگ لگنے، حادثات، ہارٹ اٹیک، فالج، شدید چوٹیں آنے کی صورت میں لوگ فوری طور پر خود ایک دوسرے کی مدد کے قابل ہوتے ہیں اور اسپتال پہنچنے سے قبل بیشتر مریض قدرے بہتر حالت میں آنے کی وجہ سے ان کی جان بچنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں کو بھی بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے جہاں ہر روز شہریوں کی بڑی تعداد علاج کے لیے آتی ہے تاہم اب شہریوں کو بھی اس حوالے سے تربیت دیں گے اور اپنے شہر کو بہتر بنائیں گے۔