پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلّاچھن گیا ہےتو اس کے قصور وار ہم نہیں۔
شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں شیرکا نشان چھینا گیا تھا، بلّاچھن گیا ہےتو اس کے قصور وار ہم نہیں جو کچھ ماضی میں ہوا لاڈلہ نوازشریف نہیں کوئی اور رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عوام پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، 25 کروڑ عوام خوشحالی و ترقی کے لیے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ن لیگ نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے اب یہ الیکشن پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا، 2017ء میں نواز شریف نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، نواز شریف کی حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج معاشی مسائل نہ ہوتے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم نفرت کو ختم کر کے قوم کو اکٹھا کریں گے، 2017ء میں ڈنڈے اور بلے سے جس سفر کو ختم کیا اسے 8 فروری کو دوبارہ شروع کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ایک چیلنج ہے، ملکی ترقی کے لیے چارٹر آف اکانومی کرناہوگا، آئی ایم ایف معاہدہ پرعمل نہ کرتے تو ملک بدحال ہوجاتا ہے، اربوں ڈالر سے سالانہ گیس اور تیل منگواتے ہیں، شمسی توانائی ہمارا مین فوکس ہوگا اس پر توجہ مرکوز کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ آٹھویں یا نویں جماعت کے لیے ووکیشنل ٹریننگ دیں گے، نوازشریف دور میں لاکھوں طالب علموں کو لیپ ٹاپ دیے گئے، پی کے ایل آئی اسپتال بنایا گیا، اسپتال میں مفت ادویات دیں، الٹراساؤنڈ اور سی ٹی اسکین کے لیے فری لیبارٹریز بنائی گئیں۔