• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی ہرا دیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے دی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 3 وکٹ پر 18.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔

آج کے میچ کے لیے نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگ کا آغاز کیا۔

آغاز سے ایک اینڈ محمد رضوان نے سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے صائم ایوب 1، بابر اعظم 19، فخر زمان 9 اور صاحبزادہ فرحان ایک رن بنا کر واپس پویلین چلے گئے۔

86 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد نے ٹیم کا مجموعی اسکور 126 تک پہنچایا جس کے بعد 17.4 اوورز میں افتخار احمد 10 رنز بنا کر  آؤٹ ہوگئے۔

بعدازاں پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 158 رنز  بنائے۔ محمد رضوان 90 اور محمد نواز 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہدف کا تعاقب

ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے 3 کھلاڑی جلد پاکستانی کپتان شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔

شاہین آفریدی نے نیوزی لینڈ کے فن ایلن کو 8 رنز پر جبکہ ٹم سائفرٹ کو صفر اور ول ینگ کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے 20  رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس آخر تک کریز پر کھڑے رہے اور دونوں نے 18.1 اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔

ڈیرل مچل 72 اور گلین فلپس 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کرائسٹ چرچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم میں بہتری کی گنجائش ہے، میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔ وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان ٹیم

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں شاہین آفریدی، محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونئیر، حارث روف اور زمان خان شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید