• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاوائیو ٹیسٹ: افغانستان کے دوسری اننگز میں 46 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ

افغانستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام تک 3 وکٹ پر 46 رنز بنالیے ہیں اور اُسے تاحال 40 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

بلاوائیو میں جاری ٹیسٹ میچ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا جارہا ہے۔

آج زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 243 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں اُسے افغانستان پر پہلی اننگز کے مقابلے میں 86 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

میزبان ٹیم نے دوسرے دن 6 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ اپنی اننگز دوبارہ شروع کی، اُس کی پہلی وکٹ 19 رنز پر گر گئی، جوئے لارڈ 8 رنز بناکر آوٹ ہوئے ۔

41 کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد سکندر رضا اور کریگ ارون نے ٹیم کو سنبھالا اور 71 رنز کی شراکت فراہم کی۔

ٹیم کا اسکور 112 ہوا تو سکندر رضا بھی 61 رنز پر آوٹ ہوگئے، اس کے بعد ایک ایک کرکے زمبابوے کے کھلاڑی آؤٹ ہوتے گئے لیکن کریگ ارون نے ایک اینڈ سنبھال رکھا اور اپنے 75 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں ٹیم کا اسکور 243 تک پہنچادیا۔

افغانستان کے راشد خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، یامین احمد زئی 3 اور فرید احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں افغانستان نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام تک 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 46 رنز بنالیے ہیں، جسے اب بھی 40 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 157 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید