میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان 40 سال حکومت میں رہی ایک یونیورسٹی تک نہ بناسکی۔
کراچی میں گرلز کالج کے سنگ بنیاد پر میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو لندن بنانے کا وعدہ کرنے والوں نے لندن میں ہی جائیدادیں بنالیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا شہر میں خوف کا راج تھا، نالوں سے بوریاں بند لاشیں ملتی تھیں مگر آج اس شہر میں پہیہ جام ہڑتال نہیں ہوسکتی ہے۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ کراچی والوں نے خدمت کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کا انتخاب کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی میں ترقیاتی کام کروائے، ہم اختیارات کا رونا نہیں رو رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کا وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ ہوگا اور میئر بھی اُس ہی جماعت کا ہو گا تو مسائل حل ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کون چائنا کٹنگ کرتا تھا، پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے اس شہر کی بہتری کے لیے کام کیے سب سے بڑی کاوش یہ ہے اس شہر میں امن قائم ہوا۔