پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی اور بلاول بھٹو کےحق میں دستبرداری پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی قیادت کے علم میں آیا ہے کہ آپ نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سیف اللّٰہ ابڑو نے بلاول بھٹو زرداری کےحق میں پارٹی کی طرف سے دیے گئے ٹکٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا، سیف اللّٰہ ابڑو سینیٹ آف پاکستان میں پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے سیف اللّٰہ ابڑو کو عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لیے پارٹی ٹکٹ سے نوازا۔
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے نوٹس میں کہا کہ سیف اللّٰہ ابڑو پارٹی کو 3 دن کے اندر وضاحتی بیان جمع کروائیں، جواب نہ دینےکی صورت میں پارٹی پالیسی اور قواعد و ضوابط کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔