امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے باغِ جناح گراؤنڈ کا دورہ کیا اور آج ہونے والے جلسۂ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
باغِ جناح میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ الیکشن میں جماعتِ اسلامی بھرپور طرح سے حصہ لے گی، چھوٹے اور بڑے میاں صاحب کو اس شہر کی فکر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو بھی شہر کی فکر نہیں، کسی ایک بڑے سیاسی لیڈر نے اس بار کراچی سے الیکشن نہیں لڑا۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی آج کے جلسے میں نوجوانوں کو اُمید کا پیغام دے گی، تعلیم کا معیار بہتر کریں گے، آئی ٹی ایجوکیشن مفت دیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ صحت کارڈ کے حصول کو یقینی بنائیں گے، شہر میں کوئی باعزت ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں ہے۔
امیرِ جماعت اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ نے چاہا تو ہم تمام وڈیروں اور جاگیر داروں کو شکست دیں گے، اس شہر کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی چوائس نہیں ہے۔
واضح رہے کہ آج جماعتِ اسلامی کراچی کے باغِ جناح گراؤنڈ میں انتخابی ’جلسۂ اعلانِ کراچی‘ منعقد کر رہی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق اور امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن جلسے سے خطاب کریں گے۔