پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی ضمانت منظوری کے بعد لاہور میں کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نامزد امیدوار صنم جاوید ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑی ہو رہی ہیں۔
پی ٹی آئی کی نامزد امیدوار صنم جاوید لاہور سے قومی اسمبلی کی دو نشستوں اور پنجاب اسمبلی کی ایک نشست پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔
صنم جاوید نے لاہور کے حلقے این اے 119 اور 120 سے کاغذات جمع کروائے ہیں اور پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 150 سے بھی کاغذات جمع کروائے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے بھی این اے 119 سے کاغذات جمع کروائے ہیں۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ این اے 119 پر مریم نواز اور صنم جاوید کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ جمعہ 26 جنوری کو سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی کی رہنما صنم جاوید کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی تھی۔
عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے صنم جاوید کو این اے 119، 120 اور پی پی 150 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی تھی۔
سپریم کورٹ نے صنم جاوید کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو صنم جاوید کو انتخابی نشان دینے کا حکم بھی دیا تھا۔