یوم یکجہتیٔ کشمیر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی ترانہ جاری کردیا گیا ہے۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جاری کردہ اس خصوصی ترانے کو راشد منہاس نے تحریر کیا ہے اور گلوکار کامران اللّٰہ خان نے اپنی روح پرور آواز میں گایا ہے۔
اس ترانے کے ذریعے دنیا کی توجہ بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی آزادی کے لیے 76 سالوں سے جاری جدوجہد کی طرف دلانے کی کوشش کی گئی ہے۔
کشمیریوں کی اتنے سالوں سے جاری جدو جہد کے باوجود بھی یہ خطہ غیر انسانی اور آمرانہ اقدامات کے مسلسل سلسلے کا گواہ بنا ہوا ہے جس سے بین الاقوامی سطح پر خدشات جنم لے رہے ہیں۔
بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کی وجہ سے ہر سال ہزاروں کشمیری شہید ہوتے ہیں۔
کشمیری عوام کو انصاف و آزادی کی جدوجہد میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری بھی کافی چوکس نظر آتی ہے۔
تمام تر مشکلات کے باوجود بھی کشمیری عوام کا ناقابل تسخیر جذبہ بلند ہے۔
آزادی کی اس جدوجہد میں پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور آزادی کے حصول تک ان کی حمایت میں ثابت قدم رہیں گے۔