الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد سے پہلے اور انتخابی عمل کے دوران کمیشن کو بے پناہ چیلنجز درپیش تھے۔
اسلام آباد سے الیکشن کمیشن نے کہا یہ بات زبان زدعام تھی کہ انتخابات کا انعقاد مقررہ تاریخ پر نہیں ہو پائے گا۔ اس تاثر کو زائل کرنے کےلیے تمام ممکنہ اقدامات کیے کہ انتخابات مقررہ تاریخ پر ہوں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود پرامن پولنگ کا انعقاد یقینی بنایا گیا۔ انتخابات کے کامیاب انعقاد کےلیے الیکشن کے عمل کو پرامن اور منظم رکھنا ضروری تھا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ عملے کی حفاظت یقینی بنانا، پولنگ مٹیریل کی نقل وحمل کو محفوظ بنانا تھا جبکہ درست نتائج کی ترتیب و تدوین انتہائی اہم ترجیحات تھیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ نتائج میں تیزی کی خاطر انسانی جانیں خطرے میں ڈالنا یا نتائج کی درستگی کو مشکوک بنانا نامناسب تھا۔ سیکیورٹی اداروں کے مشورے پر وفاقی حکومت کیجانب سے موبائل فون کی بندش کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ پرامن اور منظم رکھنے، پولنگ عملے اور پولنگ مٹیریل کی حفاظت کے لیے سکیورٹی حصار میں نقل و حمل کو یقینی بنایا گیا۔