شاعر: گہر اعظمی
صفحات: 220، ہدیہ: 500روپے
ناشر: جہانِ حمد پبلی کیشنز، نوشین سینٹر، کمرا نمبر19، اردو بازار، کراچی۔
فون نمبر: 2664586 - 0321
انصار الحق قریشی (گُہر اعظمی) کا شمار کراچی کے سینئر شعراء میں ہوتا ہے۔ اُنہوں نے غزل سے اپنے شعری سفر کا آغاز کیا، لیکن اب ساری توجّہ مذہبی شاعری پر مرکوز ہے اور سیرتِ پاکؐ کا منظوم ترجمہ اُن کا تاریخی کارنامہ ہے، جس پر2003ء میں اُنہیں وزارتِ مذہبی امور، حکومت، پاکستان کی جانب سے’’سیرت ایوارڈ‘‘بھی ملا۔ زیرِ نظر کتاب بچّوں کے لیے منظوم سیرتِ پاکؐ پر مشتمل ہے، جس کا پیش لفظ اشفاق احمد غوری نے تحریر کیا ہے، جو خود بھی ایک اچھے نعت نگار ہیں۔بے شک، بچّوں کے لیے لکھنا ایک دشوار اور محنت طلب کام ہے۔
گُہر اعظمی نے سیرتِ طیبہ کے تقریباً تمام موضوعات پر طبع آزمائی کی اور نہایت آسان اور خُوب صُورت پیرائے میں بچّوں کو سیرتِ نبویؐ سے روشناس کروانے کی کوشش کی ہے، جب کہ کتاب کا نام صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم کی بچّوں کے لیے مشہورِ زمانہ نعت’’ ہمارے نبیؐ ‘‘ سے متاثر ہوکر رکھا ہے۔اس کتاب میں چاہِ زم زم کی تلاش اور کھدائی، واقعہ اصحابِ فیل، مکّی زندگی، حضورؐ کی ولادتِ پاک، حضرت حلیمہ سعدیہ، واقعہ شقِ صدر، والدہ کا وصال، اسفارِ تجارت، حضرت خدیجۃ الکبریؓ، نزولِ قرآن، مسلمانوں پر ظلم و ستم، ہجرتِ حبشہ، شعبِ ابی طالب، سفرِ طائف، واقعۂ معراج، مدنی زندگی، ہجرت، قبا میں تشریف آوری، مدینے میں استقبال، مسجدِ نبویؐ کی تعمیر‘‘ اور دیگر موضوعات نہایت سادہ اور سیلس زبان میں منظوم کیے گئے ہیں۔