مصنّف: ڈاکٹر عزیز احسن
صفحات: 221، ہدیہ: 800 روپے
ناشر: بزمِ یوسفی، A-12، بلاک 13، گلستانِ جوہر، کراچی۔
فون نمبر: 5567941 - 0333
ڈاکٹر عزیز احسن کا شمار موجود عہد کے ممتاز نقّادوں میں ہوتا ہے۔ اُنہوں نے تقدیسی ادب کو ذریعۂ اظہار بنایا، لیکن اُن کی شاعرانہ حیثیت بھی مسلّم ہے۔ ایک زمانے تک غزلیں اور نظمیں بھی لکھیں، لیکن اب خود کو حمد و نعت تک محدود کر لیا ہے اور حمد و نعت پر تنقید و تحقیق کے ضمن میں اُنہیں گویا اتھارٹی تصوّر کیا جاتا ہے۔ وہ تخلیق میں خُوبیوں کے ساتھ خامیوں کی بھی نشان دہی کرتے ہیں۔ عموماً کہا جاتا ہے کہ نعت پر تنقید بے ادبی ہے، مگر کوئی بھی نقّاد نعت پر تنقید نہیں کرتا، بلکہ اُس شخص پر تنقید کرتا ہے، جو نعت جیسی مقدّس صنف میں بے احتیاطی اور لاپروائی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر عزیز احسن ہر کتاب پر نہیں لکھتے، صرف اُسی کتاب پر قلم اُٹھاتے ہیں، جو فنی معیارات پر پوری اُترتی ہو۔ وہ ان شعراء کے سخت خلاف ہیں، جو حمد اور نعت میں فرق نہیں کرتے۔اور اُن کی تحریروں کا اصل کمال یہ ہے کہ وہ قاری کو اپنے حصار میں لے لیتی ہیں اور یہ وصف بہت کم مصنّفوں میں پایا جاتا ہے۔قصّہ مختصر، اسلامی فکر کے حامل نوجوانوں کے لیے یہ کتاب کسی تحفے سے کم نہیں۔