• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: عزیز لنگاہ

صفحات: 184، قیمت: 700 روپے

ناشر: زِیز اَرج، تونسہ شریف، ڈی جی خان۔

فون نمبر: 3178595 - 0334

عزیز لنگاہ سینئر صحافی ہیں اور اُنھوں نے اِس کتاب کی صُورت اپنے والد، قانونگو شیر محمّد لنگاہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ کوشش اِس معنی میں کہ والدین کی تعریف و توصیف میں جس قدر بھی لکھا جائے، وہ اُن کے مقام و مرتبے اور احسانات کے سامنے نامکمل ہی رہتا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی ایک دُور افتادہ بستی کے رہائشی، شیر محمّد لنگاہ نے27 اپریل 2021ء کو وفات پائی۔ وہ ایک سیلف میڈ انسان تھے، بچپن میں مویشی چَرائے، کھیتی باڑی کی اور برسوں کنٹریکٹ پر ملازمتیں بھی کرتے رہے۔

گویا اُن کی زندگی رزقِ حلال کے حصول کے لیے محنت و مشقّت اور دیانت داری سے عبارت تھی۔ اُنھوں نے اپنے تمام بچّوں کو نہ صرف یہ کہ بہترین تعلیم دِلوائی، بلکہ اُن کی تربیت پر بھی پوری توجّہ مرکوز رکھی۔کتاب کی وَرق گردانی سے یہ تاثر اُبھرتا ہے کہ شیر محمّد لنگاہ نہایت ہی وضع دار اور رشتے ناتے نبھانے والے شخص تھے۔ 

کئی ایسے واقعات بیان کیے گئے ہیں، جن کے مطابق، وہ زندگی بَھر پورے خاندادن کی سرپرستی کرتے رہے، یہاں تک کہ رشتے داروں کی خوشیوں، دیکھ بھال اور ضروریات کی تکمیل کے لیے اپنی زمینیں بھی اُنھیں دیتے رہے، جب کہ اہلِ علاقہ کی بھی دل کھول کر مدد کی۔عزیز لنگاہ کی اپنے والد سے گہری وابستگی تھی، جو دوستی کی حد تک پہنچی ہوئی تھی اور یہ دوستی، کتاب کے وَرق وَرق سے چھلک رہی ہے۔اُنھیں مواد کی تلاش و ترتیب میں بھائی، محمّد شفیق لنگاہ کی بھی معاونت حاصل رہی۔