• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنکج ادھاس کا کیریئر بنانے کیلئے اہلیہ فریدہ نے کس طرح مدد کی؟

ـــ فائل فوٹو
ـــ فائل فوٹو

بھارت کے نامور غزل گائیک پنکج ادھاس گزشتہ روز طویل علالت کے باعث چل بسے۔

پنکج ادھاس جنہوں نے اپنی غزلوں اور گیتوں سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی جب موسیقی کی دنیا میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے تو  ان کی زندگی میں ایک فریدہ نامی خاتون آئیں اور اپنے ساتھ خوش قسمتی بھی لے کر آئیں۔

اُنہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی فریدہ نامی خاتون کے ساتھ 1982ء میں شادی کی اور اس جوڑی کی دو بیٹیاں نایاب اور ریوا ہیں۔

بھارتی گلوکار نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ اہلیہ فریدہ ائیر ہوسٹس تھیں اور میں نے اُنہیں جہاز میں جب پہلی بار دیکھا تھا، تب ہی ان سے محبت ہوگئی تھی۔

اُنہوں نے بتایا کہ پہلی نظر میں محبت ہونے کے بعد میری وقتا فوقتاََ فریدہ سے ملاقاتیں ہونے لگیں جس کے بعد ہم نے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پنکج ادھاس نے بتایا کہ میرا تعلق گجرات کے ایک زمینداروں کے خاندان سے ہے جبکہ فریدہ کا تعلق ایک روایتی پارسی خاندان سے تو دونوں طرف سے ہی  ہمیں اپنی شادی کے لیے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں اپنے والدین کی رضامندی سے ہی شادی کرنا چاہتا تھا اس لیے میں نے فریدہ کے والد سے ملنے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی گلوکار نے بتایا کہ مجھ سے ملنے کے بعد فریدہ کے والد نے ہچکچاتے ہوئے یہ کہا کہ ’اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ خوش رہ سکتے ہیں تو مجھے اس شادی پر کوئی اعتراض نہیں ہے‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے اور فریدہ نے ایک دوسرے سے یہ وعدہ کیا تھا کہ چاہے ہمارے درمیان جتنے بھی جھگڑے ہوں لیکن ہم کبھی مذہب پر جھگڑا نہیں کریں گے۔

پنکج ادھاس نے اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ فریدہ نے زندگی کے مشکل وقت میں میری بہت مدد کی جب میں اپنا پہلا البم لانچ کر رہا تھا تو مجھے  کچھ پیسوں کی کمی پیش آ رہی تھی اور اس وقت فریدہ کے پاس بھی پیسے نہیں تھے لیکن اس نے کسی سے پیسے اُدھار لے کر مجھے دیے اور اس وقت ابھی ہماری شادی بھی نہیں ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید