مغربی ہواؤں کے طاقتور سسٹم کے تحت کل سے بلوچستان میں مزید موسلادھار بارشیں ہوں گی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا طاقت ور سسٹم کل مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، جس کے تحت کل 29 فروری سے یکم مارچ کے درمیان گوادر، پسنی، جیونی، اورماڑہ، کیچ اور پنجگور میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کی جانب سے اس سسٹم کے تحت چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، خاران، واشک، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان ، موسیٰ خیل، کوہلو، جھل مگسی اور لورالائی میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس سسٹم کے باعث کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبداللّٰہ، زیارت میں بارش، جبکہ ان شہروں کے ارد گرد موجود پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
ان بارشوں سے گوادر، کیچ، پنجگور، آواران، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیر آباد اور خضدار کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب پاک افغان اور پاک ایران سرحدی اور ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، کیچ، خانو زئی، جنگل پیرعلیزئی میں موسلا دھار بارش ہوئی۔
نوشکی، مستونگ، قلات، مسلم باغ میں بھی بارش جبکہ زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، کوژک ٹاپ، کان مہتر زئی، خواجہ عمران سمیت بالائی علاقوں میں برف باری جاری ہے۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے ندی نالوں اور کیچ میں طوفانی بارش سے سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔
کیچ میں پاک ایران کراسنگ پوائنٹ کے قریب بارش کے پانی میں پھنسی ہوئی گاڑیاں نکالی جا رہی ہیں۔