• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایاز صادق اور عامر ڈوگر کے اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع

اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار عامر ڈوگر اور ن لیگ کے نامزد امیدوار سردار ایاز صادق—فائل فوٹوز
اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار عامر ڈوگر اور ن لیگ کے نامزد امیدوار سردار ایاز صادق—فائل فوٹوز

قومی اسمبلی میں اگلا مرحلہ نئے اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کا ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے لیے مسلم لیگ ن و اتحادیوں اور پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل اور اتحادیوں کی طرف سے نامزد امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا وقت آج دن 12 بجے تک مقرر تھا جس سے قبل یہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے۔

سیکریٹری قومی اسمبلی نے ایوان کے اندر ہی کاغذاتِ نامزدگی وصول کیے۔

مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کی طرف سے اسپیکر کے لیے سردار ایاز صادق جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ نامزد امیدوار ہیں جنہوں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے۔

مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کی طرف سے اسپیکر کے تجویز کنندہ نوید قمر، سالک حسین اور علیم خان جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے تجویز کنندہ اعجاز احمد جاکھرانی اور رضا حیات ہراج ہیں۔

پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل اور اتحادیوں کی طرف سے اسپیکر کے لیے عامر ڈوگر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے جنید اکبر نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

نئے اسپیکر کا انتخاب سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کرائیں گے جبکہ نئے اسپیکر اپنے انتخاب کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرائیں گے۔

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب خفیہ ووٹنگ سے کل بروز جمعہ ہو گا۔

قومی خبریں سے مزید