ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق آپریشن دہشتگردوں کی موجوگی کی خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
اعلامیہ کے مطابق علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ علاقہ مکینوں نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کےلیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔