اسلام آباد (طاہر خلیل ، ایجنسیاں) شہباز شریف آج وزیراعظم بننے کے قریب ہیں، نمبر گیم میں انہیں واضح برتری حاصل ہے ، جسکے بعد وزیراعظم بننے کیلئے انکا راستہ صاف ہے، عمرایوب کو سنی اتحاد کونسل کی حمایت حاصل ہے،وزیراعظم کا انتخاب آج بروز اتوار ہوگا جس کیلئے اتحادی جماعتوں کے نامزد امیدوار شہباز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے، دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔انتخاب آج 11بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا، اتحادی جماعتوں کی طرف سے شہباز شریف کے 8، سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب کے4 کاغذات نامزدگی جمع کر ائے گئے، شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر سنی اتحاد کونسل کا اعتراض مسترد کر دیا گیا، ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا آج وزیراعظم بننا یقینی ہے، 336رکنی ایوان میں وزارت عظمیٰ کیلئے 169 ووٹ درکار ہیں، شہباز شریف کو اتحادی جماعتوں کے 208 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کو 89 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جے یو آئی نے وزیر اعظم کے انتخاب کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، جبکہ ضیاء لیگ،نیشنل پارٹی اوربی این پی مینگل کے ایک ایک رکن نے ابھی تک کسی کی حمایت کا اعلان نہیں کیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کیلئے آج شہباز شریف کا مقابلہ عمر ایوب سے ہو گا، میاں شہبا ز شریف پاکستان مسلم لیگ اور اتحادیوں کے امید وار ہیں جبکہ عمرا یوب کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی حمایت حاصل ہے، میدان آج 11 بجے قومی اسمبلی میں سجے گا، بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ عمر ایوب کامیاب ہوں ۔ وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے شیڈول کے مطابق آج 3 مارچ اتوار کو قومی اسمبلی کے نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائیگا، قومی اسمبلی میں 3 مارچ کو وزیراعظم کے انتخاب کے سوا کوئی اور کارروائی نہیں ہوگی۔ ڈویژن کے ذریعے رائے شماری دہی سے قبل اسپیکر امیدواروں کے نام پڑھ کر سنائینگے،ایک ہی امیدوار ہونے کی صورت میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار وزیراعظم منتخب ہوجائیگا۔دو امیدوار ہونے کے صورت میں رائے شماری کرائی جائیگی۔اگر کوئی امیدوار اکثریت حاصل نہ کر سکا تو دوبارہ رائے شماری ہو گی۔رائے شماری سے قبل پانچ منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجائی جائیں گی،گھنٹیاں بجانے کے بعد قومی اسمبلی ایوان کے دروازے بند کر دیے جائینگے۔ رائے شماری کے عمل کے بعد سیکریٹری تقسیمی فہرست جمع کروائے گا، ووٹنگ کے اختتام پر سپیکر نتائج کا اعلان کرے گا۔ملک بھر میں عام انتخابات کے بعدقومی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد وزارت عظمیٰ کیلئے انتخاب آج ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کے مشترکہ امیدوارشہباز شریف ہونگے جبکہ سنی اتحاد کونسل نے عمر ایوب کو وزیراعظم کے عہدے کیلئے میدان میں اتارا ہے ۔ وزیراعظم کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی ہفتے کو جمع کرائے گئے۔ن لیگ کے رہنما شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہیں۔نمبر گیم پورا ہونے کے باعث شہباز شریف ممکنہ طور پر مقابلہ جیت کر دوسری بار ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔ اپوزیشن کی بڑی جماعت سنی اتحاد کونسل عمر ایوب کو نامزد کر چکی ہے۔میاں شہباز شریف کیلئے 8 اور عمر ایوب کیلئے 4 کا غذات نامزدگی جمع کرائے گئے ۔میاں شہبا ز شریف کا غذارت نامزدگی خورشید شاہ ، احسن اقبال ، سردار یوسف ،عطا تارڑ ،خواجہ آصف ،عون چوہدری ،طارق بشیر چیمہ اور حنیف عباسی نے جمع کرائے کا غذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر رانا تنویر ،رومینہ خورشید عالم ، شیزہ فاطمہ خواجہ اور اسحٰق ڈار موجود تھے ۔ جبکہ عمر ایوب خان کے کا غذا ت نامزدگی جمع کراتے وقت اسد قیصر ، عامر ڈوگر ،علی محمد خان اور بیرسٹر گوہر موجود تھے۔