پاکستانی معروف اداکار، گلوکار و سپر ماڈل عمران عباس کے مداحوں نے ان سے دلچسپ و منفرد فرمائش کر دی۔
جیو کی بلاک بسٹر سیریز ’خدا اور محبت‘ کے پہلے سیزن میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے عمران عباس نے حال ہی میں بھارتی پنجابی فلم ‘جی وے سوہنیہ جی‘ سے پنجابی سنیما میں ڈیبیو کیا ہے۔
بھارتی پنجابی فلم میں اداکار کے مدمقابل بھارتی اداکارہ سمی چاہل اداکاری کر رہی ہیں۔
تاہم اب عمران عباس نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹااسٹوری میں مختصر ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔
مذکورہ ویڈیو کلپ میں انہیں اپنے مداحوں سے خوش گپیاں لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اسی اثناء میں ان کے مداح اپنے پسندیدہ اداکار سے دلچسپ فرمائش کرتے دکھائی دیئے۔
مذکورہ ویڈیو کلپ میں دیکھ سکتے ہیں کہ ایک مداح نے عمران عباس سے فرمائش کی کہ ان کی جوڑی بھارتی اداکارہ سمی چاہل کے ساتھ بہت اچھی لگتی ہے، اس لیے اداکارہ کو پاکستان لے کر آجائیں۔
مداح عمران عباس سے کہتے ہیں کہ سمی چاہل آپ کے ساتھ بہت فٹ نظر آتی ہیں، آپ دونوں کی جوڑی بہت اچھی لگتی ہے، ہم سمی چاہل کے فین ہیں، اداکارہ کو پاکستان لے آئیں۔
واضح رہے کہ عمران عباس کی بھارتی پنجابی فلم ’جی وے سوہنیہ جی‘ پاکستان میں عیدالفطر پر ریلیز کی جائے گی۔
فلم کو مرکزی فلم سینسر بورڈ نے فل بورڈ میں پاس کرنے کے باوجود سینسر سرٹیفکیٹ دینے سے انکار کیا تھا تاہم اب اس فلم کو سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے۔