کراچی شرقی کے علاقے اسکیم 33 میں 30 سال قبل بنے سچل تھانے کی بد حال عمارت کی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی۔
تھانے کی نئی عمارت کا ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے افتتاح کر دیا۔
اسکیم 33 میں صفورا چوک کے قریب واقع سچل پولیس اسٹیشن کی پرانی اور بدحالی کا شکار عمارت کو جدید انداز میں تیار کیا گیا ہے۔
افتتاح کے موقع پر ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر بھی ڈی آئی جی ایسٹ کے ہمراہ موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او انسپکٹر اورنگزیب خٹک کی دن رات محنت سے تھانے کا منظر ہی بدل گیا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے تقریب کے موقع پر توقع ظاہر کی کہ ان شاء اللّٰہ اب اس عمارت میں پولیس کی کارکردگی بہت زیادہ بہتر ہو گی اور تھانے کا ماحول بھی کافی بہتر ہو گا، عوام تک اس کی سہولت پہنچنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن کو بہتر کرنا ہماری حکومت کی ایک خواہش رہی ہے، تھوڑی بہت اپنی پولیس کی پراپرٹیز ہیں جنہیں اسی طرح مینٹین رکھیں گے۔
ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے یہ بھی کہا کہ سچل تھانے میں خواتین کی ڈیسک بھی بنائی گئی ہے، خواتین سے متعلق جتنے بھی مسائل ہوں گے انہیں لیڈیز آفیسرز ڈیل کریں گی۔