• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانیٔ پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات پر 6 کیسز اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیسز میں درخواستِ ضمانت کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

دورانِ سماعت بانیٔ پی ٹی آئی وبشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر اور سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے ویڈیولنک پر بانیٔ پی ٹی آئی کی حاضری نہ لگوانے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے رپورٹ میں عدالت کو بتایا ہے کہ انٹر نیٹ کے مسئلے کی وجہ سے ویڈیو لنک پر حاضری نہیں لگوائی جا سکتی۔

جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ کل عدالتی عملہ بھجوا کر بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی حاضری لگوائی جائے گی، عدالتی عملہ بانیٔ پی ٹی آئی کی حاضری کے لیے اڈیالہ جیل اور بشریٰ بی بی کی حاضری کے لیے بنی گالہ جائے گا، دونوں کی ضمانت کی درخواستیں کل سنی جائیں گی۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے کل 11 بجے کا وقت ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے لیے مقرر کر دیا اور سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول، رمنا، سیکریٹریٹ، کوہسار اور کراچی کمپنی میں 6 مقدمات درج ہیں جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ کوہسار میں توشہ خانے کی جعلی رسیدوں کا مقدمہ درج ہے۔

قومی خبریں سے مزید