• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ بھی رمضان المبارک ہی کا اعجاز ہے کہ کم ازکم دو مواقع پر تو سب اہلِ خانہ یک جا ہوتے ہیں۔ سحر وافطار دسترخوان پر۔ وگرنہ فی زمانہ تو ایک دوسرے کا حال احوال بھی فیس بک، واٹس ایپ اسٹیٹس ہی سے پتا چل رہا ہوتا ہے۔ سب کی اپنی اپنی مصروفیات ہیں اور اپنے اپنے اوقاتِ کار۔ کوئی کسی وقت ناشتا، کھانا تناول فرما رہا ہے، تو کوئی کسی وقت۔ 

ایسے میں یہ ماہِ عظیم اپنے فیوض وبرکات کے اعتبار سےتو باقی گیارہ ماہ کا سردار مہینہ ہے ہی، معاشرتی و خانگی زندگیوں کے لیے بھی کسی نعمتِ مترقبہ سے کم نہیں۔ بہرحال، آج ہم آپ کے ’’افطار دسترخوان‘‘ کے لیے کچھ روایتی، لیکن بہت ہی ذائقے دار اور تھوڑی منفرد انداز سے تیار کردہ تراکیب کے ساتھ حاضر ہیں۔

چنا، فروٹ چاٹ

اجزاء:

اُبلے ہوئےسفید چنے ایک پاؤ، تُرش سیب ایک پاؤ، امرود ایک پاؤ، سُرخ انار ایک عدد (چھوٹے سائز کا)، کیلے 3 عدد، آدھے لیموں کا رس یا حسبِ ضرورت، نمک ایک چٹکی، لال مرچ چائے کا چوتھائی چمچ، کالی مرچ ایک چٹکی، کینو کا رس ایک پیالی، چینی ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب:

سیب چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ انار کے دانے نکال لیں۔ امرود کے بھی ٹکڑے کرلیں۔ کیلوں کے گول قتلے کاٹ لیں۔ اب ایک بڑے پیالے میں تمام پھلوں کو مکس کرکے کینو اور لیموں کا رس شامل کریں اور پھر چنے بھی شامل کردیں۔ اس کے بعد نمک، مرچ، چینی ڈال کے اچھی طرح مکس کرلیں۔

(نوٹ: کٹے ہوئے کیلے چوں کہ جلد کالے پڑ جاتے ہیں، اس لیے اُنہیں پیش کرتے وقت ہی کاٹ کے شامل کریں)

کریمی فروٹ چاٹ

اجزاء:

کیلے چار عدد، خوبانی سات عدد، سیب ایک عدد، انگور ایک پاؤ، آلوچے چھے عدد، ناشپاتی ایک عدد نمک، چینی حسبِ ذائقہ، چاٹ مسالا حسبِ ضرورت، مالٹے کا رس چوتھائی کپ، کریم آدھا پیکٹ۔

ترکیب:

تمام فروٹ کاٹ لیں- اب ایک بڑے پیالے میں تمام کٹے ہوئے فروٹس، نمک اور چاٹ مسالا ڈال کر مکس کریں- کریم میں چینی شامل کر کے خُوب پھینٹ کے یک جان کرلیں اور آخر میں مالٹے کا رس اور پھینٹی ہوئی کریم بھی شامل کرکے فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ انتہائی لذیذ، صحت بخش کریمی فروٹ چاٹ، روزے کے بعد فوری توانائی کے حصول کا بہترین ماخذ ثابت ہوگی۔

انڈا پکوڑے

اجزاء:

انڈے چھے عدد (سخت اُبلے ہوئے) چھیل لیں اورآدھ انچ موٹے قتلے کاٹ لیں)، بیسن آدھا کپ، کارن فلور دو چائے کے چمچ، سفید مرچ (پسی ہوئی)حسبِ ضرورت، نمک حسبِ ضرورت، سویا ساس ایک چائے کا چمچ، چلی گارلک ساس دو چائے کے چمچ۔

ترکیب:

بیسن، کارن فلور اور دیگراجزاء کا پانی کے ساتھ پیسٹ بنا لیں، جو زیادہ پتلا نہ ہو۔ کڑاہی میں تیل کڑکڑائیں اورانڈوں کو آمیزے میں ڈبو کے بالکل مدھم آنچ پر تل لیں۔

(نوٹ: اسی ترکیب سے آلو کے قتلے اور پیاز کے لچّھے بھی فرائی کرسکتی ہیں۔)

پوری پکوڑا اور چٹنی

پوری پکوڑے کے اجزاء:

سبز پیاز چار عدد (کترلیں)، کَٹا ہوا ہرا دھنیا آدھی گڈی، لہسن ایک جوا (کترلیں)، سبز شملہ مرچ ایک عدد (کترلیں)، انڈے دوعدد، گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، چکن کے ریشے ایک سو گرام (اُبلے ہوئے)، نمک، سُرخ مرچ پاؤڈر حسبِ ضرورت، میدہ دو کھانے کے چمچ، بیکنگ پاؤڈر دو چائے کے چمچ، تیل تلنے کے لیے۔

چٹنی کے اجزاء:

میدہ ایک کھانے کا چمچ، براؤن شوگر تین چائے کے چمچ، پانی آدھا کپ، ڈارک سویا ساس آدھا کھانے کا چمچ۔

پوری پکوڑے کی ترکیب :

ایک پیالا لیں اور پیاز، دھنیا، لہسن، شملہ مرچ میں نمک اور لال مرچ ڈال کے، مکس کر کے رکھ لیں- اب چکن کےریشے، انڈے، گرم مسالا، نمک اور سُرخ مرچ پاؤڈر کسی بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ اس مکسچرمیں میدہ اور بیکنگ پاؤڈر شامل کریں اور پھر اِسے سبزیوں کے مکسچر میں مِلا دیں۔ 

اب اِس مکسچر کا ایک بڑا چمچ بھر کر تیل میں ڈالیں اور اُسے چمچ سے گول شکل میں پھیلا دیں- گولڈن براؤن ہونے تک ہلکا فرائی کریں اور تیل سے نکال کر جاذب پیپر پر رکھ دیں- چٹنی کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔

چٹنی کی ترکیب:

میدے کو ساس پین میں ڈال کرہلکی آنچ پر براؤن ہونے تک بھون لیں- اِس میں براؤن شوگر ڈال کر پگھلنے تک ہلکی آنچ پر پکائیں۔ تھوڑا تھوڑا کرکے پانی ڈالتی جائیں۔ تیز آنچ کر کے مکسچر کے گاڑھا ہونےتک پکائیں اور پھر اس مکسچر کو سویا ساس میں مکس کردیں۔ پوری پکوڑوں کے ساتھ کھانے کے لیے لذیذ چٹنی تیار ہے۔

بیسنی پکوڑے

اجزا:ء

بیسن ایک کپ، پیاز دو عدد، آلو دو عدد، ہری پیاز دو عدد، دھنیا آدھی گڈی، ٹماٹر دو عدد، بڑی سبزمرچیں چارعدد، کُٹی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچ، سوڈا ایک چوتھائی چائے کا چمچ، سوکھا دھنیا، انار دانہ حسبِ ضرورت، زیرہ، آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب:

سب سے پہلے پیاز، ٹماٹر، آلو(چھوٹے چھوٹے قتلوں کی شکل میں)، دھنیا اور سبز مرچیں کاٹ لیں۔ اب ایک پیالے میں ڈال کے، بیسن اور تمام خشک اجزاء بھی شامل کر کے مکس کرلیں۔ تھوڑا تھوڑا پانی ڈال کر گاڑھا آمیزہ بنائیں اور گرم تیل میں پکوڑوں کی شکل میں ڈال کر تلتی جائیں۔

دہی، پھلوں کا سلاد

اجزا:

اسٹرابیریز (موٹی کٹی ہوئی)250 گرام، کیلے موٹےکٹے ہوئے چار عدد، کینو کے ٹکڑے ایک پیالی، اسٹرابیری جیلی کرسٹل 400گرام، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، کم چکنائی والا دہی 200 گرام، ونیلاایسینس آدھا چائےکاچمچ، کریم، پنیرآدھی پیالی، پِسی ہوئی چینی آدھا چائے کا چمچ، پودینے کے پتّے سجاوٹ کے لیے۔

ترکیب:

گلاسز میں تھوڑی تھوڑی اسٹرابیریز، کیلے اور کینو ڈالیں۔ دو پیالی پانی میں جیلی کرسٹل ڈال کر پکائیں، جم جائے تو وہ بھی تھوڑی تھوڑی کرکے گلاسز میں ڈال کےجمنے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب ایک پیالے میں باقی اجزاء یک جان کرلیں۔ اور پھر اُنھیں بھی اوپر سے گلاسز میں ڈال کے پودینے، اسٹرابیریز سے سجا کر دوبارہ فریج میں رکھ دیں۔ دہی، پھلوں کا یہ سلاد خُوب ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔