جہانِ حمد، رسولِ اعظم ﷺ نمبر( 6 جِلدیں)
تحقیق و ترتیب: طاہر حسین طاہر سلطانی
صفحات: 3700، ہدیہ: دعائے خیر
ملنے کا پتا: حمد ونعت ریسرچ سینٹر، نوشین سینٹر، دوسری منزل، کمرانمبر 19، اردو بازار، کراچی۔
فون نمبر: 2831089 - 0300
طاہر سلطانی ادبی حلقوں میں’’ شاعرِ حمد و نعت‘‘ اور’’ سفیرِ حمد و نعت‘‘ کے طور پر معروف ہیں اور وہ کس قدر خوش قسمت ہیں کہ اُنھوں نے اِس قدر عالی و عظیم الشّان نسبت پائی ہے۔ہمارا اُن سے کوئی تعارف تو نہیں، مگر اُنھیں جہاں بھی دیکھا، حمد و نعت ہی پڑھتے دیکھا یا پھر حمد و نعت کی تقاریب کے لیے متحرّک پایا۔ وہ فروغِ حمد و نعت کے لیے’’جہانِ حمد‘‘ کے نام سے ایک جریدہ بھی نکالتے ہیں، جس کا شمارہ نمبر22 اِس لحاظ سے ایک تاریخ ساز اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ اِسے چھے ضخیم جِلدوں میں’’رسولِ اعظم ﷺ نمبر‘‘ کے طور پر شایع کیا گیا ہے۔
وہ اِس سے قبل 2010ء میں 1200 صفحات پر مشتمل جہانِ حمد کا’’ قرآن نمبر‘‘ بھی شایع کر چُکے ہیں۔ہمارے ہاں نقوش اور سیارہ ڈائجسٹ کے سیرت نمبرز نے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی اور کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود علمی حلقوں میں اُن کی مانگ موجود ہے، اِسی طرح زیرِ نظر، جہانِ حمد کا’’ رسولِ اعظمﷺ نمبر‘‘سے بھی جہاں علمی پیاس بُجھائی جائے گی، وہیں اِس سے ایک حوالہ جاتی دستاویز کے طور پر بھی استفادہ کیا جاتا رہے گا۔ایسے کارنامے سرانجام دینے والے اللہ کے ہاں تو اجر پاتے ہی ہیں، دنیا میں بھی اَمر ہوجاتے ہیں، طاہر سلطانی بھی اب ایسے افراد کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ ’’رسولِ اعظم ﷺ نمبر‘‘ کی چھے جِلدیں اور37 ابواب ہیں۔
جلد اوّل 768 صفحات اور چار ابواب پر مشتمل ہے۔پہلا باب، اُمہات و آباءِ مصطفیٰ ﷺ،دوسرا ظہورِ مصطفیٰﷺ، تیسرا میلادِ مصطفیٰﷺ اور چوتھا باب سیرت و سراپائے مصطفیٰﷺ کے عنوان سے ہے۔ ان چاروں ابواب میں 72 مضامین شامل کیے گئے ہیں۔جِلد دوم میں 608 صفحات اور پانچ ابواب تبلیغِ مصطفیٰﷺ، معراجِ مصطفیٰﷺ، غارِ مصطفیٰﷺ، ہجرتِ مصطفیٰ ﷺ، غزواتِ مصطفیٰ ﷺ اور تعلیماتِ مصطفیٰ ﷺ شامل ہیں، جب کہ ان عنوانات کے تحت 44 نگارشات شامل کی گئی ہیں۔
جلد سوم 640 صفحات اور چھے ابواب پر مشتمل ہے۔ اِن ابواب کے عنوانات شانِ مصطفیٰ ﷺ، تعظیم وتوقیرِ مصطفیٰ ﷺ، علومِ مصطفیٰ ﷺ، معجزاتِ مصطفیٰﷺ، احادیثِ مصطفیٰ ﷺ اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ ہیں۔ اِس جلد میں کُل 39 مضامین ہیں۔624 صفحات پر مشتمل جِلد چہارم 10 ابواب میں تقسیم کی گئی ہے، جن کے موضوعات ختمِ نبوت بر مصطفیٰﷺ، اُمہات المومنینؓ، ازواجِ مصطفیٰﷺ، اہلِ بیتِ مصطفیٰﷺ، عشرۂ مبشّرۂ مصطفیٰﷺ، اصحابِ مصطفیٰﷺ، دربارِ مصطفیٰﷺ، شفاعتِ مصطفیٰﷺ، وسیلۂ مصطفیٰﷺ، دیدارِ مصطفیٰﷺ اور شہرِ مصطفیٰﷺ ہیں۔اِس جِلد میں 52 مضامین ہیں۔
پانچویں جلد 704 صفحات اور پانچ ابواب پر مشتمل ہے۔ یادگار مساجدِ مصطفیٰﷺ، معالجاتِ مصطفیٰﷺ، مقاصدِ مدحتِ مصطفیٰﷺ، مدحت نگارانِ مصطفیٰﷺ اور نذرانہ درود و سلام بحضور خیر الانام ﷺ جیسے عنوانات کے تحت 25 سے زاید مضامین اور نعت و قصائد شامل کیے گئے ہیں۔ چھٹی اور آخری جلد میں 592 صفحات اور چھے ابواب ہیں۔سیرت نگاریٔ مصطفیٰﷺ، سفیرانِ مصطفیٰﷺ، دینِ مصطفیٰﷺ، سزائے شاتمِ مصطفیٰﷺ، 87 سال میں شایع ہونے والے رسولؐ نمبر اور تحریک فروغِ حمد ونعت میں اہم کردار کے حامل اداروں کے زیرِ اہتمام شایع ہونے والی کتب کا تعارف،جیسے عنوانات کے تحت26 نگارشات شامل کی گئی ہیں۔
ہر جِلد کے آخر میں ماخذات کی تفصیل بھی موجود ہے۔ معروف صحافی و ادیب، محمود شام نے اِس’’ رسولِ اعظمﷺ نمبر‘‘ کو تقدیسی ادب میں ایک انتہائی اہم، معیاری اور وقیع اضافہ قرار دیا ہے۔ڈاکٹر ریاض مجید، علّامہ عبدالجبّار احمد نقش بندی، ڈاکٹر حافظ محمّد سہیل شفیق، اختر سعیدی اور دیگر علماء و اہلِ قلم نے بھی طاہر سلطانی کی ہمّت کو داد دی ہے کہ اُنھوں نے مالی وسائل اور افرادی قوّت کی کمی کے باوجود اِتنا شان دار کارنامہ سرانجام دیا ہے۔